ماہ رمضان المبارک میں بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کانشانہ بنانے والے افرادمسلمان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں ، ثوبیہ کرن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیرثوبیہ کرن کبزئی نے کوئٹہ اور کچلاک میں بم دھماکے اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کانشانہ بنانے والے افرادمسلمان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس اہلکار ہمارے قومی ہیروہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے قندھاری بازار اور سریاب روڈ پرپولیس کی گاڑیوں پربم دھماکے میں بچی سمیت4افرادکی شہادت اور 22افرادکے زخمی ہونے جبکہ کچلاک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے ٹی ایف کے 4اہلکاروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام اورسیکورٹی فورسزکو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے کسی بھی طرح ملک اورعوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسزنے دہشت گردوں کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے بچے کچھے دہشت گرد بے گناہ شہریوں اور سیکورٹی فورسزکے اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہیدہونے والے پولیس اہلکارہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے دھماکوں اورفائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اورشہریوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔