صوبائی حکومت اپنے موجودہ وسائل کو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں خرچ کر رہی ہے ، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کی ترقی اور عوام کو ریلیف و سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے رمضان فوڈ پیکج کی ترسیل تیزی سے جاری ہے عوام کو مفت راشن کی فراہمی سے ان کی مشکلات میں کمی آئے گی. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف قانونی کاروایاں عمل میں لائی جا رہی ہیں ماہ مقدس کا احترام نا کرنے اور عوام کی بنیادی ضروریات سے بے جا فائدہ اٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں حکومت عوام کے مفادات کا تحفظ ہر ممکن یقینی بنائے گی. موجودہ صوبائی حکومت تعلیم, صحت اور کھیل کے شعبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے صوبے کے تعلیمی مسائل کے حل کیلئے اور معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانے میں ہائرایجوکیشن کمیشن کا کردار انتہائی اہم و ضروری ہوتا ہے اس اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی ہائرایجوکیشن کمیشن کا قیام جلد ممکن بنایا جائے گا تاکہ تعلیم کے شعبہ سے منسلک معاملات کو احسن طریقے سے دیکھا پرکھا اور حل کیا جا سکے. ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے موجودہ وسائل کو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں خرچ کر رہی ہے. حالیہ سخت معاشی حالات میں روزگار کا حصول ضروری ہے اس لئے نوجوانوں کو ہنر مند تعلیم کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے.وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو روزگار کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرتیوں کا عمل تیز و شفاف کرنے کیلئے احکامات دیے ہیں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی. عالمی مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے بلوچستان کے ایک ہزار نوجوانوں کو ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکالرشپس فراہمی کا اعلان کیا ہے. پانچ لاکھ ڈالر مالیت کی ان سکالرشپس سے پراجیکٹ مینجمنٹ, آئی ٹی, ڈیجیٹل مارکیٹنگ, ایڈوانس بزنس انٹیلی جنس, ڈیزائننگ اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی جن کی تکمیل سے نوجوان گھروں سے کام کر کے بھی روزگار کا حصول ممکن بنا سکیں گے. ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ کا مذید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت ہر ممکن یقینی بنائی جا رہی ہے. وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی عملی حکمت عملی کی بدولت صوبہ بہتری کی جانب گامزن ہے اور عوام اور حکومت کے درمیان روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور عوام کا اعتماد بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔