پولیس اہلکاروں کو حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں ، میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیس اہلکاروں کو حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں،یوم علی کی شہادت کی مناسبت سے جلوس کو فل پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح ناصر، ایڈیشنل آئی جی پولیس سلمان چوہدری،ڈی جی لیویز،ڈی آئی جی پولیس عظیم شہاب لٹری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس نے اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 2 روز میں اب تک صوبے میں دہشتگردی کے 4 واقعات ہوئے ہیں، زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا، پولیس کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں دہشتگردی کے درجنوں منصوبوں کو ناکام بنایا گیاہے۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرے، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یوم علی کی مناسبت سے فل پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکاروں کو دہشت گرد حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔