ماہ صیام میں دہشتگرد ی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، سینیٹر ثمینہ زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شارع اقبال میزان چوک کے قریب پولیس کی گاڑی، کچلاک،مسجدروڈ، سریاب روڈپر بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے گزشتہ روز دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ملکی امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔پولیس کے شہداء نے پیشہ ورانہ بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ قوم ان کی اس قربانی کو تادیر یاد رکھے گی۔انہوں نے دھماکوں میں عام شہریوں کی قیمتی جانوں پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بزدل دہشت گرد عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک جیسے متبرک مہینے میں ملک بھر میں خاص کر بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ یہ دہشت گردی ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کے خلاف ساری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں کو ناکام بنانے کے لئے پختہ عزم رکھتی ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قوم کا عزم کم نہیں ہوگا۔ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک دشمن عناصر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کو برداشت نہیں کر رہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہتے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر پولیس فورس ہماری حفاظت کے لئے دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ فرض کی ادائیگی میں پولیس فورس کو مجرموں اور دہشتگردوں کا سامنا رہتا ہے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں جس کی وجہ سے ہم سکون کا سانس لیتے ہیں۔ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی پوری قوم کے ساتھ مل کر امن کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے ہمیشہ دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا اور بھرپور جواب دیتے ہوئے ثابت کیاملک دشمن عناصر اپنی بزدلانہ حرکتوں کے ذریعہ بہادر قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے دشمنوں کو خبردار کیا کہ ان کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ہماری سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردحملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔