پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بلوچستان کا کردار بہت اہم ہے ، ملک عبدالولی خان کاکڑ
اسلام آباد/کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ موجودہ سیاسی اور معاشی حالات کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صنعت اور تجارت سے وابستہ افراد کی تقریب کا انعقاد بالکل بروقت اور مناسب ہے، آج من حیث القوم اگر ہم اپنے معروضی حالات کا فلسفیانہ انداز میں باریکی سے تجزیہ کریں اور درپیش چیلنجوں کا تذکرہ کریں جن سے ہم نبرد آزما ہیں تو ان کا ڈائریکٹ اور انڈائریکٹ تعلق نافذالعمل معاشی نظام سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع اسلام اباد چیمبر آف کامرس کے صدر حسن ظفر سمیت تمام ایگزیکٹو ممبران اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود تھے. اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مقدس میں ممتاز تاجروں کا اکٹھا ہونا اس حوالے سے بہت اہم ہے کہ تجارت دین مبین اسلام میں سنت ہے اور زراعت اور لائیو سٹاک تجارت کی مختلف شکلیں ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بلوچستان کا کردار بہت اہم ہے. بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے بہت اہمیت کا حامل صوبہ ہے. انہوں نے تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہت منافع بخش مواقع دستیاب ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ان دستیاب مواقعوں سے زیادہ سے فائدہ اٹھائیں. گورنر بلوچستان نے دنیا میں رونما ہونے والی سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں اپنی ترجیحات کا تعین کرنے اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے اپنے معاشی نظام کو ہر حوالے سے مستحکم بنانا ہوگا. انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ہم نے صنعت و تجارت سے وابستہ اپنے سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کو وہ ضروری سہولیات اور مواقع فراہم نہیں کیے جو ہمیں فراہم کرنے چاہئیں تھے. تقریب کے منتظمین کو سراہتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلی مرتبہ بہت منظم انداز میں تاجروں اور صنعتکاروں سے متعلق کامیاب تقریب کے انعقاد پر تمام منتظمین اور شرکاء خراج تحسین کے مستحق ہیں۔