بلوچستان حکومت صوبے کے ایک لاکھ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کریگی ، میر ضیاا للہ لانگو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاا للہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے کے ایک لاکھ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کریگی، تمام اضلاع کو راشن کی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا،صوبائی حکومت کے معاملات زبردست چل رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کی شب مختلف اضلاع کو رمضان فوڈ پیکج کے تحت راشن بھیجنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیلاب میں بلوچستان کے لوگ بے گھر اورمتاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے صوبے کی زراعت کو سو فیصد نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے رمضان میں عوام کی مشکلات دیکھتے ہوئے راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ کیاجس کے تحت بلوچستان کے ایک لاکھ مستحق خاندان کے لئے راشن کی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹ میں راشن بھیجاجائیگااور ہر ڈسٹرکٹ میں پانچ سو گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔ ضیا لانگو نے کہا کہ ہر ضلع کا ڈپٹی کمشنر راشن کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا،تقسیم کے دوران کسی کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی، میر ضیا لانگو نے کہا کہ رمضان راشن پیکج میں تاخیر ضرور ہوئی ہے لیکن یہ مستحق خاندان کی ایک ماہ ضروریات کیلئے کافی ہوگا، وزیر داخلہ نے کہا کہ محکمہ داخلہ اور پی ڈی ایم اے میں دس ہزار افراد کو نوکریاں دیں مگر بعض محکموں میں نوکریاں کے حوالے سے کیسز چل ہیں،بعض محکموں میں بیوروکریسی کی روایتی سستی بھی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت کے حوالے سے گورنر بلوچستان کے بیان کو افسوس ناک قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے معاملات زبردست چل رہے ہیں۔