بحرانوں سے پاکستان کو نکالنے کیلئے تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا ، ڈاکٹرقاسم بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہاہے کہ عوامی اہمیت کے مسئلے پر ازخود نوٹس اور کارروائی کا اختیار سپریم کورٹ کے 5سینئر ججوں کے بینچ کے ذریعے کیا جاناچاہئے،صدرمملکت عارف علوی اپنے عہدے کی بجائے پی ٹی آئی کے ورکرز کی حیثیت سے کام کررہے ہیں جو کسی بھی طرح پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہاکہ پاکستان اسوقت مشکل ترین دورسے گزررہاہے اور ملک کو بہت سے بحرانوں کا سامناہے ان بحرانوں سے پاکستان کو نکالنے کیلئے تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اہمیت کے مسئلے پر ازخود نوٹس اور کارروائی کا اختیار سپریم کورٹ کے 5سینئر ججوں کے بینچ کے ذریعے کیا جاناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل اور عدالتی اصلاحات بل بغیر دستخط کے واپس کرکے اپنے عہدے کی توہین کی ہے عارف علوی صدر مملکت کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کی حیثیت سے کام کررہے ہیں انہیں عمران نیازی جو کہتے ہیں ڈاکٹر عارف علوی وہی کرتے ہیں جو کسی بھی طرح پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں عوام آنے والے عام انتخابات میں پاکستان غریبوں کی پارٹی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔