رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کا حملہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ دردانہ صدیقی
لاہور: دلوں میں کامل ایمان ، جذبہ شوق شہادت اور اللہ پر توکل ہو تو باطل کی بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، عددی اکثریت اور مادی وسائل کی کمی کے باوجود اہل ایمان ہر محاذ پر کامیاب اور بامراد ہوسکتے ہیں ، یہ بات سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ،صدروسطی پنجاب ربعیہ طارق ،صدر لاہور عظمی عمران نے 17 رمضان المبارک یوم بدر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہی،انھوں نے مزید کہا کہ معرکہ بدر یوم الفرقان ہے جو حق وباطل کا فرق واضح کر دینے والا دن ہے،جب کفار قریش کی طاقت کا گھمنڈ خاک میں مل گیا اور مٹھی بھر مسلمانوں کو وہ ابدی قوت اور غلبہ حاصل ہوا جس پر اسلامی حکومت کی مضبوط بنیادیں قائم ہو ئیں ۔ دردانہ صدیقی نے مجاہدین بدر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر نے یہ واضح کر دیا کہ مسلمان کا بھروسہ دنیاوی سازوسامان و ہتھیار پر نہیں بلکہ اللہ پر ہوتا ہے،بے سروسامانی میں اپنے سے تین گنا زیادہ قوت کے سامنے کھڑے ہوکر اصحابِ بدر نے دنیا کو بتا دیا کہ جذبہ ایمانی کا مقابلہ کوئی قوت نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ آج تاریخ کے تاریک دور سے گزر رہی ہے ۔وسائل اور عددی قوت کے باوجود منتشر اور مغلوب ہے، دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج بھی امت اپنا رشتہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ وسلم کے ساتھ مضبوط کر لے تو اللہ کی نصرت آ سکتی ہے ۔دریں اثناء دردانہ صدیقی نے یروشلم میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا تسلسل ہے، رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی صیہونی فورسز کی روایت بن گئی ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان شدید کرب میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے متنبہ کیا کہ عالمی طاقتوں اور اداروں کی اسرائیل کو دی جانے والی کھلی چھوٹ اس کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی پامالی کا سبب بن رہی ہے اور فلسطین پر جاری یہ ظلم و ستم کسی بھی وقت عالمگیر نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی سکوت کو توڑنے کی ضرورت ہے ۔ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہر فورم پر صیہونی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں