ہمارا کام فیصلہ لینا ہے اور ہم ہر فیصلہ صوبہ کی تعمیروترقی کے لئے لینا چاہتے ہیں ، میر عبد القدو س بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان و چیئرمین بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر عبد القدو س بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارا کام فیصلہ لینا ہے اور ہم ہر فیصلہ صوبہ کی تعمیروترقی کے لئے لینا چاہتے ہیں،بی سی ڈی اے ساحلی ترقی کے حوالے سے اچھا ادارہ ہے،بی سی ڈی اے میں مزید بہتری لائی جائے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بی سی ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری ماہیگیری اور ڈی جی بی سی ڈی اے کی جانب سے ایجنڈا پوائنٹس پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں 2017تا2012تک کنٹریکٹ کی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے 28 ملازمین کی مستقلی،غلط طور پر بھرتیاں کرنے والے افسران اور اہلکاران کے خلاف کاروائی،ساحلی پٹی کے سات مقامات پر پی پی پی موڈ پر ریزورٹس کی تعمیر، مینجمنٹ اور فعالی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بی سی ڈی اے ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس دینے سے متعلق سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان و چیئرمین بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر عبد القدو س بزنجو نے کہا کہ بی سی ڈی اے ساحلی ترقی کے حوالے سے اچھا ادارہ ہے،ہمارا کام فیصلہ لینا ہے اور ہم ہر فیصلہ صوبہ کی تعمیروترقی کے لئے لینا چاہتے ہیں بلوچستان میں 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی سی ڈی اے میں مزید بہتری لائی جائے گورننگ باڈی کے تمام ممبران اتھارٹی کی بہتری کے لئے اپنا ان پٹ دیں۔اجلاس میں ساحلی پٹی پر لوگوں کی سہولت کے لئے وزارت پیٹرولیم کی جانب سے 11 مقامات پر پٹرول پمپس اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی پر پیش رفت کا بھی جائزہ اور بی سی ڈی اے کو ساحلی پٹی پر 9 مقامات میں مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کا جلد از جلد اجراء کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں بی سی ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ممبران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے