کراچی، ڈاکوؤں نے دفتر میں لوٹ مار کے دوران خزانچی کو گولی مار دی
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) شہر قائد کے علاقے لیاری آٹھ چوک کے قریب ڈاکوؤں نے ٹرانسپورٹر کے دفتر میں لوٹ مار کے دوران ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ آٹھ چوک کے قریب ٹرانسپورٹر کے دفتر میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ عبدالوحید کے نام سے کی گئی جو کہ منشی اور اس کا آبائی تعلق خضدار سے بتایا جاتا ہے جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک گولی سینے پر لگنے کے باعث پیش آیا ہے تاہم ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔اس حوالے سے پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ڈاکوؤں کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جائے۔