محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کا کراٹے کمبیٹ لیگ میں شاہ زیب رند کی فائٹ بڑی سکرین پر دیکھانے کا فیصلہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر جنرل کھیل دْرا بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہمارے کھلاڑی قومی سطح کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک و صوبے کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے کھلاڑی شاہ زیب رند پہلے پاکستانی پرو فائٹر ہیں جنہوں نے امریکہ کی بڑی لیگ کراٹے کمبیٹ لیگ میں حصہ لیا ہے انہوں نے کہا کہ شاہ زیب رند کیلئے نیک تمنائیں اور دعا ہے کہ وہ امریکہ کی سرزمین پر مقابلہ جیت کر اپنے ملک و صوبے کا نام روشن کرے انہوں نے کہا کہ 2 اپریل کو محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کی جانب سے افطاری کے بعد جناح ٹاؤن میں بڑی سکرین پر عوام کیلئے میچ دیکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد اپنے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، واضع رہے کہ شاہ زیب رند پہلے پاکستانی پرو فائیٹر ہیں جو امریکہ کی اتنی بڑی لیگ میں فائٹ کریں گے، شاہ زیب رند کی گبو ڈیاز کیساتھ فائٹ پاکستانی وقت کے مطابق 2 اپریل کو صبح چار بجے ہے۔