وفاقی حکومت ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے ہاکی آفیشلز کو سرکاری سطح پر شہید قرار دے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین سینیئرسیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے ہاکی آفیشلز کو سرکاری سطح پر شہید قرار دے کر متاثرہ خاندانوں کیلئے شہدا ء پیکج کے امداد کی فراہمی یقینی بنائے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز شہداء ہاکی آفیشلز مجاہد اسلام بٹ، علی احمدکرد، عبدالرحمن درانی اور امتیاز شاہ کے لواحقین کیلئے شہداء پیکج کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوکر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ ہاکی ٹیم کی سلیکشن کیلئے خضدار جانے والے چاروں ہاکی آفیشلز خضدار سے واپس آتے ہوئے قلات کے مقام پر ٹریفک حادثے میں شہید ہوئے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور متاثرہ خاندان آج بھی ان کی جدائی کے صدمہ سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک سادہ سا قانونی مطالبہ ہے کہ ان شہدا ء کو سرکاری سطح پر شہید قرار دے کر وفاقی حکومت انکے بچوں کی کفالت کیلئے شہداء پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ نہ صرف متاثرہ خاندان کی حوصلہ افزائی ہوسکے بلکہ وہ لوگ جو مایوس ہیں انکی بھی مایوسی دور ہوسکے اور وہ اپنے کھیل میں دلچسپی لیکر آگے بڑھیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اسپیشل کیس کے طور پر اس مسئلہ کو اٹھاکر جلد از جلد متاثرہ خاندانوں کیلئے شہداء پیکج کے تحت رقم ادا کی جائے،جس پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں وزیر اعظم محکمہ قانون و دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ایک ہفتے میں اس مسئلے کے حل کو یقینی بنائیں گے۔ جس پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ شہداء کے خاندانوں کی داد رسی اور انکی تشفی کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی،