مردم شماری کا سلسلہ اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے،میر یونس عزیز زہری
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علمائے اسلام کے سینئر مرکزی رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ مردم شماری کا سلسلہ اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ادارہ شماریات تمام سیاسی جماعتوں سماجی وسوشل ورکرز اور ٹیچرز کا کردار حوصلہ افزاوقابل اعتماد رہا تمام ذمہ داران نے مردم شماری کو کور کرنے کے لئے بھر پور محنت اورجدوجہد کی ہیں تاہم خضدار وسیع و عریض پہاڑی علاقوں اور دشوار گزار دیہاتوں پر مشتمل ضلع ہے اتنے بڑے رقبے والے ڈسٹرکٹ کی آبادی کا احاطہ ایک ماہ کی قلیل مدت میں کرنا ممکن نہیں اس لیئے حکومت اور ادارہ شماریات بالعموم بلوچستان وبالخصوص ضلع خضدار میں مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کریں تاکہ پورے ڈسٹرکٹ کے عوام کا ڈیٹا صحیح معنوں میں قومی فہرست میں آجائے اور منصفانہ انداز میں مردم شماری کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے خضدار کے باشعور عوام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ انہوں نے جس طرح مردم شماری کو سنجیدہ انداز میں لیا اوراس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہ اطمینان بخش اور حوصلہ افزا ہے اب باقی جتنے دن مردم شماری کے اور رہ گئے ہیں اس میں مذید دلچسپی لیکر اس اہم و قومی فریضہ کو نبہانے کے لئے کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ اس بارہم نے ابتدائی طور پر مردم شماری کے لئے اجتماعی کوششوں کاآغاز کیا اور اس حوالے سے ایک سیمینار کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں کی ایک نشست کا انعقاد کرکے ذمہ داریوں کو ایک دوسرے پر بانٹ دیاامید ہے کہ ان اجتماعی کوششوں کے نتائج بھی مثبت آئیں گے۔مردم شماری میں آبادی کے بڑھ نے کے فوائد اور مردم شماری میں آبادی کے گھٹ جانے کے نقصانات کا سب کو علم ہے اس لیئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مردم شماری میں ضلع خضدار کی پوری آبادی ادارہ شماری کی فہرست میں درج ہو،تاکہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہاکہ مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ ضلع خضدار کے تمام علاقوں کی آبادی کو قومی فہرست میں شامل کرنا ممکن ہوسکے۔