سیاسی انتشار سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے،شیخ جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی زبوں حالی ہے جس کے حل کے لئے سیاسی جماعتوں، اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر مشاورت سے سخت فیصلے کرنے ہونگے، سیاسی انتشار کا ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے وقت آچکا ہے کہ مذاکرات کی میز پر تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے طے کیا جائے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اس وقت دوالیہ ہونے کے بلکل قریب آچکا ہے عالمی سطح پر ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی پیش گوئی کی گئی لیکن خوش قسمتی سے اب تک ملک معجزاتی طور پر دوالیہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ملک کا قرضہ اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے آئندہ دو سالوں کے دوران ہم نے 40ارب ڈالر کے قرض ادا کرنے ہیں ایسی صورتحال میں سیاسی قیادت، اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام شراکت داروں کی نظریں ملکی معیشت کی بہتری پر ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت،اپوزیشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ ملک بچانے کے لئے تمام تر اختلافات اور مطالبات کو ایک طرف رکھ کر معاشی بہتری کے لئے سوچیں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ہمیں سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اس وقت ہمیں عالمی ادارے مزید قرض دینے سے انکار کر رہے ہیں انکی شرائط پوری کرنا بھی انتہائی مشکل مرحلہ ہے ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آخر پاکستان جیسے اہم ملک سے عالمی ادارے کیوں تعاون نہیں کر رہے اگر ملک دوالیہ ہوگا تو اس میں ہم سب کا نقصان ہے لہذ ا تمام شراکت داروں کو ملک کے لئے بڑے اور کڑے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم سب ملکر ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالیں اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔