حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے انقلابی بنیادوں پر کارکردگی میں تبدیلی لانی ہوگی ٗ ملک عبدالولی کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے صوبہ بلوچستان میں موجود تمام وفاقی اداروں کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سیٹزن پورٹل کے قیام سے عوام اور اورسیز پاکستانیوں کو اداروں کے سربراہان تک رسائی سمیت اداروں کی ذمہ داری، جوابدہی اور شفافیت کا عمل برقرار رکھنا ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے انقلابی بنیادوں پر کارکردگی میں تبدیلی لانی ہوگی. گورنر بلوچستان واضح کر دیا کہ ترقیاتی منصوبے کاغذوں تک محدود رکھنے کی بجائے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل سب کو نظر آنا چاہیے. اس موقع پر صوبہ میں موجود وفاقی اداروں کے سربراہان سمیت بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان بھی موجود تھے. اس ضمن میں ضروری ہے تمام اداروں کے مابین مربوط اور موثر روابط قائم اور برقرار رہیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے وفاقی اداروں کے سربراہان کو یہ یقین دلایا کہ غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ادارے میں جدت متعارف کرانے والے متعلقہ اداروں کے آفیسرز کو گورنر ہاس کی جانب سے ایوارڈ دیا جائیگا کیونکہ سیٹزن پورٹل کے ذریعے وفاقی اداروں میں عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہمیں متعلقہ وفاقی اداروں کو درپیش مشکلات حل کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے. انہوں نے مقررہ وقت کے اندر عوامی شکایات کو دور کرنے، سیٹزن پورٹل کو وسعت دینے، علاقوں کے دورے کرنے اور عوامی شعور و آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی. جائزہ اجلاس میں وفاقی محکموں کے سربراہان کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔