پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک اور عوام کو مزید بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے ، عیسیٰ روشان
پشین (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عیسی روشان، مرکزی سیکرٹری حاجی اعظم مسیزئی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بدحالی، بدترین بیروزگاری،ازیت ناک مہنگائی، سیاسی افراتفری اور انارکی سے نجات دلانے کی بجائے پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک اور عوام کو مزید بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے۔ پی ڈی ایم نے اقتدار کی لالچ میں اسٹبلشمنٹ سے سازباز کر کے اپنے اعلامیہ کو قربان کرکے چھوڑ دیا او ر اس کے بدلے میں عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ اور اب پی ڈی ایم ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ملک کے اقوام و عوام کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوئی وڑن اور منصوبہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیکلی شرقی تراٹہ کے زیر اہتمام دو ابتدائی یونٹوں کے قیام کے موقع پر پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز ندا سنگر، ریاض محمود کاکڑ اور پیر شمس اللہ و بخت محمد اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کشمکش ملک کے اقوام و عوام کے حقیقی حق حکمرانی کے حصول کیلئے نہیں بلکہ سیاسی پارٹیوں میں موجود مخصوص خاندانوں اور مخصوص افراد کو اقتدار تک پہنچانے کیلئے رسہ کشی ہے اور ملک کے اقوام و عوام کو اپنے حقوق و اختیارات اور زندگی کے بنیادی انسانی ضروریات سے محروم رکھتے ہوئے انکی توجہ اصل مسائل کے حل اور حقیقی سیاسی جمہوری جدوجہد سے ہٹا دی گئی ہے۔ جبکہ ہوشربا مہنگائی کے باعث پی ڈی ایم پارٹیوں کے حکمران عوام کو کوئی ریلیف دینے میں مسلسل ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معائدوں کے باعث اضافی ٹیکس سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور مراعات یافتہ طبقوں پر لاگو کرنے کی بجائے غریب عوام پر مسلط کیا جارہا ہے جو ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بحرانوں کا واحد حل ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کرنے، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختیاری، قوموں کی برابری اور سیاست میں اسٹبلشمنٹ اور انکے اداروں کی مداخلت مستقل بنیادوں پر ختم کرنے میں ہیں۔ اس موقع پر دو ابتدائی یونٹوں ملی شہید عثمان لالا اور خان شہید کے نام سے یونٹ کے ایگزیکیٹیوز کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔