وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی اسکیمیں تو شامل کر لی جاتی ہیں لیکن فنڈز نہیں دئے جاتے ، وزیر اعلیٰ بلو چستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی اسکیمیں تو شامل کر لی جاتی ہیں لیکن فنڈز نہیں دئے جاتے،بلوچستان اس ملک کا مستقبل ہے جسے نظر انداز کرنے سے نقصان ہو گا،ہر آئینی اور سیاسی فورم پر بلوچستان کے حق کے لئے آواز بلند کرینگے،اگر اسی رفتار سے وفاقی منصوبے چلیں گے تو یہ اگلے 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہونگے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پی ایس ڈی پی 2022-23کے پیش رفت کا جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آئندہ مالی کے ترقیاتی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ اور صوبے میں جاری وفاقی منصوبوں کی سست روی اور فنڈز کے عدم اجراء پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس کو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہر سہ ماہی میں ان منصوبوں کے لئے 26 ارب کا اجراء ہونا تھا ان منصوبوں کے لئے 76 ارب جاری ہونے چاہئے تھے اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے صر ف 31 ارب روپے کا اجراء کیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان نے وفاقی حکومت کی عدم توجہی پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی اسکیمیں تو شامل کر لی جاتی ہیں لیکن فنڈز نہیں دئے جاتے،صوبے کے عوام سمجھتے ہیں کہ یہ فنڈز بد عنوانی کی نظر ہو رہے ہیں جبکہ فنڈز ہوتے ہی نہیں ہیں منصوبہ بندی و ترقیات اور خزانہ کے وزراء نے اسلام آباد میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بارہا یقین دہانیوں پر اب تک عملدرآمد نہیں ہواصوبے کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر آئینی و قانونی طریقہ کار اپنائیں گے کمزوری اور مروت دکھانے سے وفاق سے کچھ نہیں ملے گا اگر اسی رفتار سے وفاقی منصوبے چلیں گے تو یہ اگلے 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہونگے۔انہوں نے کہاکہ وفاق بلوچستان کی ترقی سے متعلق اپنے رویے اورپالیسیوں کا از سر نو جائزہ لے بلوچستان اس ملک کا مستقبل ہے جسے نظر انداز کرنے سے نقصان ہو گاہر آئینی اور سیاسی فورم پر بلوچستان کے حق کے لئے پرزور آواز بلند کرینگے۔اجلاس کو اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجٹ کلینڈر کے مطابق آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پرگرام کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو مالی صورتحال اور ترقیاتی فنڈز کے اجراء پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کے اجراء میں مزید تیزی لانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ جو اعلان کئے جاتے ہیں ان پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے۔ویڈیو لنک اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بھی شرکت کی۔