23مارچ کا دن ہماری تا ریخ میں ایک سنگ ِ میل کی حیثیت رکھتا ہے،عبدالعزیز عقیلی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے برصغیر پاک و ہند کے تاریخی دن یوم پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 23مارچ کا دن ہماری تا ریخ میں ایک سنگ ِ میل کی حیثیت رکھتا ہے یہی وہ اہم دن ہے جس نے برصغیر کے مسلما نوں کو ان کی حقیقی منزل یعنی آزادی سے ہمکنار کیا قوموں کی تاریخ میں ایسے دنوں کی بہت زیا دہ اہمیت ہو تی ہے اس لیے کہ وہ ان سے بہت کچھ سیکھ کرمنزلِ مقصود تک پہنچنے کی جدوجہد کرتی۔ مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اتحاد، اتفاق اور منظم جہد مسلسل سے اپنے لئے الگ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے۔ یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو۔ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔جنوبی ایشیا کی مسلم ملت ایک مدت سے اپنی شناخت کے لیے کوشاں تھی لیکن اس کے سامنے کوئی متعین منزل نہیں تھی۔ اسی تاریخ کو ہمیں وہ یک سوئی میسر آئی جس کے نتیجے میں نہ صرف منزل کا تعین ہوا بلکہ قیام پاکستان کی صورت میں ہم نے وہ منزل حاصل بھی کی۔ آج بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس میں رنگ و نسل یا مذہب و فرقے کی بنیاد پرکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔ ہم نے مل کر پاکستان کو ایسی قومی ریاست بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور پاکستان کا ہر خطہ ترقی کرے۔ آج کے دن ہم نے تجدید عہد کرنا ہے۔ ہم نے ایک بار پھر قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو دور جدید کی ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے