23مارچ وطن سے تجدید عہد کا دن ہے نوجوان ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں،سینیٹر ثمینہ ممتاز ہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے 23 مارچ2023 ء یوم پاکستان کے موقع قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن اس عہد کے تجدید کا دن ہے جس میں برصغیر میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ ملک کے قیام کے لئے قرارداد منظور کی گئی اور1940 ء آج کے دن دو قومی نظریے پر قیام پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور مسلمانا نِ ہند نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زیرک قیادت میں ایک پر امن جدوجہد کے ذریعے 14اگست1947ء کو علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔آج قوم کے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید تعلیم میں مہارت حاصل کریں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ مستقبل میں ہمارے پیارے وطن پاکستان کی باگ ڈور نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں سے قوی امید ہے کہ وہ وطن کے لئے دن رات محنت کریں گے اور ملک کو ترقی پذیر ملک کی فہرست سے نکال کر ترقی یافتہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو عہد کرنا ہے کہ مادر وطن پاکستان پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور سب مل کر پاکستان کے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اوراپنے ذاتی مفادات اوراختلافات کوبھلا کروطن کے لئے اجتماعی مفادات کے لئے کام کریں گے۔ پوری قوم کو اپنے ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ متحد ہو کر کھڑے رہنا ہو گا اور مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا اس کے لئے آپس کے اختلافات بھلا کر سب کو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانا ہو گی۔آج بھی پاکستان کو اندرونی و بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے جو نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن و امان قائم ہو اور پاکستان ترقی کرے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم اس انقلابی قرارداد کی روح کا ادراک کرے اور روایتی قسم کے تجدید عہد سے آگے نکل کر اس قرارداد کے مطابق پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی تکمیل کیلئے سرگرم ہوجائے۔ اس مملکت ِ خداداد کوحقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کی خاطر ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اسی جہد مسلسل‘ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو قائداعظم محمد علی جناح ؒکے تربیت یافتہ سپاہیوں کا خاصہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے اور پاکستانی عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر مادر وطن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ہمارے پیارے ملک پاکستان نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں دشمنوں نے پاکستان کے استحکام پر کئی وا ر کئے لیکن ہماری افواج نے ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملایا اور اس مقصد میں ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس ملک کی حفاظت کے لئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے اس سب کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اس ملک کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے آئیں آج ہم عہد کریں کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کریں گے اور ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔