صوبائی حکومت اخبار فروشوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ، مٹھا خان کاکڑ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر اطلاعات مٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اخبار فروشوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان کی مالی مشکلات کے حل کیلئے ہاکرز ویلفیئر فنڈ کے درست استعمال اور مستحق ہاکرز میں رقوم کی تقسیم کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نظامت اعلیٰ تعلقاتِ عامہ بلوچستان میں ہاکرز ویلفئیر فنڈ سے ہاکرز میں موٹر سائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات کا قلمدان سنبھالے چند ہفتے ہوئے ہیں لیکن وہ محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا عزم رکھتے ہیں تاکہ محکمہ تعلقات عامہ کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان کامران اسد، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عنایت الرحمن میڈیا کے نمائندے اور ہاکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے کہاکہ صوبائی حکومت اخباری صنعت سے وابسطہ ہاکرز کے مشکلات سے آگاہ ہیں۔ ہاکرز ویلفیئر فنڈ ہاکرز کے فلاح و بہبود اور مالی مشکلات کو حل کرنے کی طرف حکومت بلوچستان کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے نظامت تعلقات عامہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے اور ایف ایم ریڈیو کی تنصیب سے حکومتی منصوبوں کی ترویج و تشہیر میں مزید مدد ملے گی۔ ورلڈ بینک کی مدد سے انفارمیشن سیل کو بھی جلد فعال کر دیا جائے گا اس موقع پر ڈی جی پی آر کامران اسد نے کہاکہ ہاکرز اخباری صنعت سے منسلک سب سے متوسط طبقہ ہے انکی بحالی اور فلاح و بہبود کیلئے پہلے بھی اقدامات کیے گئے ہیں اور اب بھی انکی کمک جاری رکھی جائے گی۔ تقریب سے انجمن اخبار فروشاں کے صدر عبدالنبی سمالانی و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے صوبائی مشیر اطلاعات مٹھا خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر کا خصوصی شکریہ ادا کیا قبل ازیں قرع اندازی کے زریعہ پانچ ہاکرز کو موٹر سائیکل دی گئی۔