احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد اور مصنوعی مہنگائی کو لگام دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو کردار اداکرنا ہوگا ، مولانا عبد الرحمن
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام ماتحت یونٹوں اور تحصیلوں کا نمائندہ اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوا، جس میں یونٹوں کے نمائندوں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی، اور آل پارٹیز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ضلعی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع ضلعی کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے کہا کہ احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد اور مصنوعی مہنگائی کو لگام دینے کیلئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو کردار اداکرنا ہوگا۔بے حیائی کی روک تھام،منشیات کے اڈوں کی بندش سمیت رمضان المبارک کے احترام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انتظامیہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اورناپ تول میں کمی کرنے والوں کی نگرانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام مبارک مہینہ کے دوران توبہ و استغفار کرے اور غریبوں اور کمزوروں کی بھرپور مدد کرے۔ صدقات اور خیرات کو بڑھایا جائے تاکہ معاشرے میں موجود کمزور افراد کی مدد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور عنایات سمیٹنے کے عظیم مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔ پاکستان کے عوام اس ماہ میں عہد کریں کہ ملک کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیے گئے نظام کو نافذ کرنے کیلئے جمعیت علماء اسلام کی قیادت میں بھرپور جدوجہد کرینگے۔ ایک مسلمان کی زندگی کا اولین مقصد اپنی اصلاح اور پاکیزہ اجتماعیت پر مبنی اسلامی ریاست کا قیام ہے۔