اجتماعی منصوبوں کو اولیت دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، گورنر بلوچستان

پشین(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ اجتماعی منصوبوں کو اولیت دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، شفافیت پر مکمل یقین رکھتے ہوئے لوگوں کو بنیادی مسائل سے نجات دلانے کیلئے درست سمت کی جانب بڑھنا ہوگا عوام کو بھی چاہئیے کہ وہ آگے آئے اور حکومتی منصوبوں کو معیار و مقدار کے عین مطابق پورا کرنے میں بھرپور ساتھ دے تاکہ تمام ترقیاتی سکیمیں نہ صرف بروقت مکمل ہوسکیں بلکہ اس سے صحیح طرح مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پشین کا ایک روزہ دورہ کے دوران پشین ریسٹ ہاؤس میں مختلف قبائیلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں، تاجروں اور سرکاری آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

قبل ازیں گورنر بلوچستان کو پشین کے دورے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی. گورنر نے ایک روزہ دورے پر ڈسٹرکٹ پشین میں کھلی اولسی کچہری لگائی اور پشین کے مختلف علاقوں کے سیاسی، قبائلی اور کاروباری حضرات کو فرداً فرداً غور سے سنا۔ گورنر بلوچستان نے خلقی کچہری میں عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ہم غریب عوام کی فلاح پر یقین رکھتے ہیں عوام کے بنیادی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے عملی کاوشیں کی جارہی ہیں. انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ برائے راست مذاکرات کرنے، انھیں متعلقہ حکام تک پہنچانے اور حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن سمیت ضلعی انتظامیہ کے تمام ذمہ وار آفیسرز بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے