آئی ایم ایف سے کہا غلط بیانی نہیں کریں گے، ڈار نے آکر پھر معاہدے کی خلاف ورزی کی، مفتاح اسماعیل
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کہا گیا کہ غلط بیانی نہیں کریں گے، مجھے ہٹا کر اسحاق ڈار کو لایا گیا اور پھر آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔کراچی کی نجی یونیورسٹی میں پاکستان ان دی مڈ آف کرائسز کے عنوان سے مکالمے میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا پیٹرول میں موٹرسائیکل والوں کو سبسڈی دینے کی بات ہوئی، بعد میں سوزوکی اور رکشے والوں کو بھی سبسڈی دینے کی بات ہوئی، میرے خیال میں یہ فارمولا کارآمد نہیں ہو گا، یہ کسی ملک کو چلانے کی سب سے بری حکمت عملی ہے۔
ان کا کہنا تھا تین بار آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی ہو چکی ہے، اب آئی ایم ایف کا دل نہیں ہے پیسے دینے کا، آئی ایم ایف کو اب پاکستان پر بہت کم اعتماد ہے، اب آئی ایم ایف پہلے دیگر ممالک سے سرمایہ کاری لانےکی بات کر رہا ہے۔سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا اگر پاکستان ڈیفالٹ کر گیا تو یہ پاکستان کے لیے بہت خطرناک ہو گا، اشرافیہ تو سہہ جائےگی لیکن غریب عوام کے لیے بہت مسائل ہوں گے۔