ملک اور صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ہماری خواتیں بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں، عبدالولی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ہماری خواتیں بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں،بدقسمتی سے صوبے میں جب بارشیں زیادہ ہوتی ہیں یا بالکل نہ ہوں تو دونوں صورتوں میں ہمارے زمیندار حضرات کئی مشکلات سے دوچار ہو جاتے ہیں، درپیش مسائل ومشکلات پر قابو پانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پی پی اے ایف کے زیر اہتمام پروگرام برائے پائیدار دیہی ترقی و خوشحالی (گریسپ پروجیکٹ) کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نور محمد دومڑ، سابق سینٹر روشن خورشید بروچہ، پی پی اے ایف کے سربراہ نادر گل بڑیچ، جہانزیب اور طاہر رشید موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے صوبے کی معاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے پی پی اے ایف کی پائیدار دیہی ترقی کے منصوبے گریسپ کے تحت 117چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے 260 ملین روپے کی میچنگ گرانٹس تقسیم کرنے کی تقریب کو سراہا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یورپی یونین کے مالی تعاون سے گراسپ منصوبے پر عمل درآمد انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی)، پاکستان پاورٹی ایلیوئشن فنڈز (پی پی اے ایف) اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر (ایف اے او) کے اشتراک سے کر رہا ہے۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے ایس ایم ایز اور شرکاء میں چیکس اور شیلڈز تقسیم کیے. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے پروگرام برائے پائیدار دیہی ترقی و خوشحالی کے موقع پر لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے