یہ مجھے بلوچستان لے جاکر شہباز گل اور سواتی والا سلوک کرنا چاہتے ہیں، عمران خان
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ مجھے گرفتار کر کے بلوچستان لے جاکر شہباز گل اور اعظم سواتی والا سلوک کرنا چاہتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران عمران خان نے روسٹروم پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ میری تو پارٹی کا نام ہی تحریک انصاف ہے ، میں تو 18 مارچ کو عدالت پیش ہونے کےلیے تیار تھا مگر انہوں نے طاقت کے ساتھ میرے گھر پر حملہ کیا جس کی تاریخ نہیں ملتی۔
عمران خان نے کہا کہ ’انہوں نے مجھے اٹھا کر سیدھا بلوچستان لے جانا تھا ، یہ میرے ساتھ شہباز گل اور اعظم سواتی والا سلوک کرنا چاہتے ہیں جو سب کے سامنے ہے‘۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’میرے اوپر قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، عدالت سے بس اتنی استدعا ہے کہ اسلام آباد کچہری والا مقدمہ کسی اور عدالت میں منتقل کردیا جائے‘۔ انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ’میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، ساری زندگی کبھی قانون نہیں توڑا، وزیر داخلہ نے میری جان کے خطرے سے متعلق خدشات کا اظہار کیا، کچہری عدالت جس جگہ پر ہے وہ خطرے سے خالی نہیں اور گلیوں میں ہے جہاں پہلے ججز پر بھی حملے ہوچکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ’آپ نے بچا لیا جس پر میں عدالت کا شکریہ آدا کرتا ہوں، جو میرے گھر ہوا اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا اور نہ میں بیان کرسکتا ہوں، چیزیں میرے ہاتھ سے نکل چکی تھیں، میرے گھر اتنی شیلنگ کی گئی جس کی کوئی حد نہیں ہے، یہ پوری فوج کے ساتھ ایسے آئے گویا کشمیر فتح کرنا ہو‘۔انہوں نے کہا کہ ’ہماری تو تحریک ہی انصاف کی ہے، 18 کو میں نے پیش ہونا تھا یہ 4 دن پہلے ہی آگئے، یہ دو دفعہ اسلام آباد گرفتار کرنے آیے پھر لاہور گرفتار کرنے آیئے، ہمارے سارے بنیادی حقوق سلب کیے گئے‘۔