صوبائی حکومت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور وہ کم از کم رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے لیکن اِس ضمن میں زیادہ ضروری امر یہ ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیا ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور حکومت اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے، ساتھ ہی ساتھ خود ساختہ مہنگائی کرنے والے منافع خور اور ذخیرہ اندوز عناصر کیخلاف بھی جنگی بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے رمضان سستا بازاروں کا انعقاد، پرائس کنٹرول اور آٹے کی سرکاری نرخ پر فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز عابد سلیم جبکہ سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ درست دام ایپلیکیشن کے ذریعے شہری روزانہ ضروری اشیائے خوردونوش جن میں فروٹ، سبزیاں اور پولٹری پراڈکٹس شامل ہیں کی قمتیں جان سکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری ناجائز منافع لینے والوں کے خلاف شکایت بھی درج کرا سکیں گے اور ہر ڈپٹی کمشنر اپنے ضلع میں سستا/بچت بازاروں کا انعقاد کریگا جس میں ہول سیل پر اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماہ صیام میں سستا بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی و گھی سمیت اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنائی جائے اس حوالے سے ضلعی افسران رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی روزانہ کی بنیاد پر سرپرائز چیکنگ یقینی بنائیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں محکمہ خوراک 20 کلو گرام (1550روپے) کے 5 لاکھ تھیلے عوام کو مختلف سیل پوائنٹس پر سرکاری نرخ پر فراہم کیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ فوڈ کو مزید ہول سیل پوائنٹس قائم کریں تاکہ اس مبارک مہینے میں عوام کو مشکلات نہ ہو کیونکہ صوبائی حکومت کی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے۔ اجلاس میں اشیائضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر یوٹیلیٹی اسٹورز نہیں ہے وہاں پر رمضان المبارک میں عارضی اسٹورز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو اشیاء ضروریہ کی فراہمی میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات رمضان المبارک میں غریبوں، یتیموں اور مساکین کی امداد کے لیے آگے آئیں اور ماہ مقدس میں غریبوں میں راشن بیگز تقسیم کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے