سیلاب متاثرہ تحصیل بیلہ کے ترقیاتی عمل کے لئے جاری گرانٹ کے ٹینڈرز پر لئے گئے حکم امتناعی کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ضلع لسبیلہ کی سیلاب متاثرہ تحصیل بیلہ کے ترقیاتی عمل کے لئے جاری خصوصی گرانٹ کے ٹینڈرز پر لئے گئے حکم امتناعی کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے اور اپنے مؤقف کا بھرپور دفاع کریں گے۔یہ بات سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے بیلہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنان کے وفد سے دوران ملاقات گفتگو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ بیلہ کے عوامی مسائل پر سول سوسائٹی کے مطالبے پر سنڈیمن پارک،بیلہ کراس،خواتین کی انتظارِ گاہ و اسٹریٹ لائٹس کے لئے خصوصی مد سے فنڈز جاری کئے گے تھے جس پر چند ترقی دشمن عناصر نے عدالت کے ذریعے اسٹے لیکر بچکانہ حرکت کو ظاہر کیا ہے کہ کام نہ خود کرنا ہے اور نہ ہی کسی اور کو کرنے دینا ہے۔سردار محمد صالح بھوتانی نے بتایا کہ اس جاری گرانٹ کا مقامی کونسل سے کوئی تعلق نہیں ہے ان کے لئے الگ اربوں روپیوں کے فنڈز رکھے گئے ہیں،صوبے بھر میں کونسلز کے قیام کا عمل مکمل ہونے کے بعد ان کو فنڈز جاری کردئیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ گرانٹ بیلہ کے عوام کا حق ہے ان کو ضرور مل کر رہے گی اس کے علاؤہ میونسپل کمیٹی بیلہ کو مزید فنڈز جاری کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے