بلوچستان، ہائی کورٹ نے وندر ڈیم کے کے کمانڈ ایریامیں زمین کی الاٹمنٹ کے عمل پر عملدآمد کو روکتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہائی کورٹ نے وندر ڈیم کے کمانڈ ایریامیں 15ہزار ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کے عمل پر عملدآمد کو روکتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کی جانب سے وندر ڈیم کے کمانڈر ایریا میں ایک کمپنی کو 15ہزار ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر جمعرات کو جسٹس عبداللہ بلوچ اور جسٹس اقبال احمد کاسی نے سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے جواب جمع کروانے کے لئے وقت مانگا جبکہ عدالت نے بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو نوٹس جاری کردیا۔دوران سماعت عدالت نے زمین کی الاٹمنٹ پر عملدآمد کو روکتے ہوئے سماعت 2ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کی جانب سے امان اللہ کنرانی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔