کوئٹہ شہرمیں بلڈنگ کوڈ ، پارکنگ اورغیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، سہیل الرحمن بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر اور گردونواح میں بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد کرنے اور حائل مسائل کے حل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سعید احمد دمڑ،ایڈمسٹرٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن عبدالجبار بلوچ،اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو کوئٹہ نثاء ماجبین،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن بابر خان کے علاؤہ کیو ڈی اے،ڈسٹرکٹ کونسل اور متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئٹہ شہر میں بلڈنگ کوڈ،پارکنگ اورغیر قانونی عمارات کی تعمیرات کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔کیونکہ بلڈنگ کوڈ کے خلاف تعمیرات سے گھمبیر مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ جس کی وجہ سے شہر کی حالت زار اور عام عوام مشکلات سے دوچار ہے لہذا ان تمام مسائل کا سدباب کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی دیکھ بھال میں مستقل کارپوریشن کافی ہاتھ ہوتا ہے لہذا شہر میں بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد کرنے کے لیے اقدامات فوری کرنے پڑیں گے جس سے جلد از جلد ان مسائل سے چھٹکارا حاصل ہوسکے۔ شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور ہجوم کی اہم وجہ ایسی عمارات ہیں جن کی پارکنگ نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے پارکنگ کے لیے جگہ مختص کی ہیں اس کے علاوہ شہر بھر میں تعمیراتی کام جاری ہیں اور آئے نئے روز عمارتیں بنائی جارہی ہیں لیکن اب چونکہ اربن پلاننگ و ڈیزائن کمیٹی بنائی جا چکی ہے لہذا ایسی تمام عمارتیں جو زیر تعمیر ہیں اور ایسے تمام عمارتیں جن کی تعمیر کے لیے اجازت نامے موصول ہو چکے ہیں ان سب کا میٹروپولیٹن کارپوریشن ازسر نو جائزہ لے ان عمارتوں میں کوئی چیز بلڈنگ کوڈ کے برخلاف ہے ان میں پارکنگ کے لیے مختص جگہ پر کاروبار کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پہلے کی تعمیر شدہ اکثر عمارتوں نے پارکنگ کے حوالے سے اپنے پلازوں کے تہ خانوں کو مختص کیا تھا لیکن بعد میں ان تہ خانوں کو پارکنگ کے بجائے اور دیگر مقصد کے طور پر استعمال میں لایا گیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن والے اس بات کو باور کروانے کے پابند ہوں گے کہ ایسی تمام پرانی عمارتیں اور نئی تعمیر ہونے والی عمارتیں اپنے تہ خانوں کو صرف اور صرف پارکنگ کے لیے استعمال میں لائیں گی اور تمام تر قواعد اور ضوابط کو چیک کرکے اور بلڈنگ کوڈ کے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن ان کو این او سی جاری کریں گی اگر میٹروپولیٹن کارپوریشن ایسا کرنے میں ناکام رہی یا ان کا کوئی بھی ملازم کسی کے ساتھ نرمی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف اینٹی کرپشن کے تحت کیس بنائے جائیں گے اور سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس بلڈنگوں کی تعمیر کے حوالے سے کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور انہوں نے کتنوں کو این او سی جاری کیے ہیں وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو این او سی دی گئی ہیں وہ قواعد و ضوابط کے حوالے سے ہر لحاظ سے ٹھیک ہیں یہ نہیں وگرنہ ایسی تمام عمارتیں خواہ وہ زیر تعمیر ہو یا جو مکمل ہو چکیں ہیں اگر وہ بلڈنگ کوڈز کے برعکس ہوئی تو انہیں سیل کر دیا جائے گا اور انہیں مسمار کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا مشترکہ ہے اور ہم سب نے مل کر ہی اس کو ان مسائل سے چھٹکارا دلانا ہے۔شہر کے اہم شاہراہوں پر تعمیرات کا جائزہ لیا جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے۔نئی تعمیر شدہ سڑکوں پر کمرشل سرگرمیوں کو ابھی سے مانیٹرنگ کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے