عمران خان نے اگر کچھ نہیں کیا تو وہ اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کریں ، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید ترین معاشی بحران کا شکار ہے سیاسی محاذ آرائی اور عدم استحکام کا ملک کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، عمران خان عوام کو ریاست کے ساتھ دست وگریباں کروانے کے بجائے سیاسی استحکام کے لئے دانشمندی کا مظاہرہ کریں، عمران خان نے اگر کچھ نہیں کیا تو وہ اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کریں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اس وقت بدترین معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے ملک میں افراتفری اور انتشار سے صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے حالات تیزی سے اس طرف جارہے ہیں کہ اگر جلد ہی اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کو سنگین خطرات لاحق ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور لیڈروں کے گرفتاری کے وارنٹ نکلنا یا انکا گرفتار ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے بلوچستان اور خیبر پختونخواء میں ایسے سیاستدان بھی رہے ہیں جنہوں نے 30،30سال جیلوں میں گز ارے ماضی میں بھی سیاستدان گرفتار ہوئے ہیں اور انہوں نے عدالتوں کا سامنا کیا ہے لیکن عمران خان نے عوام اور پولیس کو آمنے سامنے کھڑا کردیا ہے جو کہ اچھی روایت نہیں ہے ملک میں خون خرابے کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر ایسا کچھ ہوا تو اس کا نقصان پورے ملک کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے سیاستدان ہمیشہ بات چیت کے دروازے کھلے رکھتے ہیں اور سنجیدیگی سے کام لیتے ہیں اس وقت عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں وہ دانشمندی نہیں ہے اس کا نقصان ان سمیت سب کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کارکنوں اور صورتحال کو قابو کرنے میں سنجیدیگی ظاہر کریں کارکنوں اور عوام کو ڈھال بنانا درست عمل نہیں ہے عمران خان کو چاہیے کہ وہ خود سامنے آکر قانون اور صورتحال کا سامنا کریں۔