سینٹ آف پاکستان صوبوں کے درمیان یکجہتی کو برقراررکھنے اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی آرہی ہے ، ملک عبدالولی کاکڑ

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پچھلے پچاس برسوں سے صوبوں کی مساوی نمائندگی کی حامل سینٹ آف پاکستان صوبوں کے درمیان یکجہتی کو برقرار رکھنے اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی آرہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ سینیٹ کی قوت میں اضافہ ہو اور اسے قومی معاملات میں زیادہ متحرک اور فعال بنایا جائے. انہوں نے نصف صدی کامیابی سے مکمل کرنے پر سینٹ چیرمین آف پاکستان محمد صادق سنجرانی اور تمام موجودہ اور سابق سینٹ آف پاکستان کے اراکین کو دلی مبارک باد پیش کی. اس موقع پر سینٹ چیرمین محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، مختلف صوبوں کے گورنرز، سینیٹرز، وفاقی وزراء، قومی اسمبلی کے ممبرز سمیت اعلیٰ سول و ملٹری حکام بھی شریک تھے. سینٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ گولڈن جوبلی کی اس پروقار تقریب میں شرکت اپنے لیے اعزاز قرار دیا گولڈن جوبلی کی یہ تاریخی تقریب پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے فخر و مسرت کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ آف پاکستان تاریخ کے مختلف مراحل گزر کر آج اس اہم مقام پر پہنچی ہے اور یقیناً مسقبل قریب کے چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی. گورنر بلوچستان نے کہا کہ پارلیمنٹ آف پاکستان کے ایوان بالا کی حیثیت پالیسیوں میں توازن پیدا کرنے اور صوبوں کے درمیان برابری اور انصاف قائم کرنے میں اس ادارہ کا کردار انتہائی اہم ہے پارلیمنٹ بالخصوص ایوان بالا یعنی سینٹ آف پاکستان کی جمہوری عمل کو جاری رکھنے، جمہوری اقدار کو مستحکم بنانے اور مجموعی طور پر جمہوریت کو مضبوط کرنے میں کلیدی اہمیت ہے. انہوں نے کہا کہ سینٹ کو یہ اہم حیثیت حاصل ہے کہ اس میں چاروں وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی ہوتی ہے. یہی وجہ ہے کہ چار اکائیوں کے حقوق و اختیارات کے تحفظ میں سینٹ کا کردار بہت منفرد ہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ 1973 کے آئین میں اٹھارہویں ترمیم کی منظوری میں ہمارے سینئر سینٹرز نے جو کردار ادا کیا ہے تمام اکائیاں خاص طور پر چھوٹے صوبے اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے