ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جائے ، وزیر اعلیٰ بلو چستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جائے،منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کے خلاف تسلسل کے ساتھ کاروائیاں کی جائیں،سیکورٹی ادارے مربوط لائحہ عمل کے تحت سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو رمضان المبارک کے حوالے سے ہدایات جا ری کر تے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کمشنرز ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جائے۔انہوں نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ سیکورٹی کے ادارے امن و امان برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں،سیکورٹی ادارے مربوط لائحہ عمل کے تحت سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر محکمہ خوراک یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور تجارتی برادری کے اشتراک سے سستے بازار لگائے جائیں،محکمہ خوراک سستے نرخ پر آٹے کی فراہمی کے اقدامات کرے۔انہوں نے کمشنرز ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کے خلاف تسلسل کے ساتھ کاروائیاں کی جائیں مجسٹریٹس کو متحرک اور فعال رکھا جائے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال رکھتے ہوئے صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے چیف سیکر ٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ گائڈ لائن دینے کے لئے متعلقہ محکموں کمشنروں ڈپٹی کمشنروں اورپولیس حکام کا اجلاس منعقد کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے