شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اوران کے مسائل کا بلاتاخیر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے،عبدالخالق شیخ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اوران کے مسائل کا بلاتاخیر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں سپروائزری افسران کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہے بلوچستان پولیس کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید تربیت اور آلا ت فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ ان کی پیشہ وارانہ صلا حیتوں میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے 1st سپیشلائر ڈ ٹریننگ کورس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز سے ملاقات کے دوران کیا۔جن کی قیادت ایس ایس پی فیض اللہ گو ریجو نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے زیر تربیت ڈی ایس پیز کر رہے تھے جن میں صوبہ سند ھ سے بھرتی ہونے والے زیر تربیت 26مرداور 3خواتین ڈی ایس پیز شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ غلام اظفر مہیسر، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ نجیب اللہ پندرانی، اے آئی جی آپریشن دوست محمد بگٹی، اے آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ، اے آئی جی ڈویلپمنٹ جاوید احمد غریشن، اے آئی جی جنرل ایا ز احمد بلوچ، اے آئی جی کمپلین عاطف سلیم، اے آئی جی ٹریننگ شیر علی، اے آئی جی لیگل گل باران، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ذوہیب محسن سمیت دیگر آفیسران بھی شریک تھے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے ڈی ایس پیز (DSPs)پیشہ ورانہ ٹریننگ کی تکمیل اور اپنا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ موجودہ حکومت پولیس محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پولیس نظام میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہے ادارے اور قوانین عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بنتے ہیں محکمہ پولیس کی جانب سے ڈیٹا سسٹم کے تحت مجرموں اور جرائم کا پورا ڈیٹا ریکارڈ کیا جانا احسن اقدام ہے جدید پولیسنگ اور پبلک سروس کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنے تفتیش کے نظام کو مستحکم بنانا ہوگاخوداحتسابی اور انفرادی کردار سے بھی معاشرے میں جرائم اور برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ نوجوان افسران جدید پولیسنگ، ہائی پروفیشنلزم اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنا تے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں اور خود کو افسر سمجھنے کی بجائے اچھا سننے اور سیکھنے والے بنیں، فیلڈ ڈیوٹی میں حاصل ہونے والا بیش قیمت تجربہ مستقبل میں آپ کے کام آئے گا۔ پولیسنگ تجربے اور سیکھنے سے آتی ہے، دوران تربیت لگن اور محنت سے کام کریں مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، نئے رحجانات اور مہارتوں کو سیکھنے پر خصوصی توجہ دیں محنتی، دیانتدار اور خدمت خلق کے جذبے سے کام کرنے والے ہی پولیس سروس میں کامیاب ہیں چنانچہ سپر وائزری افسران عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے مظلوم کی آواز اور مستحق شہریوں کے مدد گار بنیں۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے لیڈی افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس میں لیڈی افسران کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لیڈی افسران اپنے کام سے دوسری خواتین کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں اور خواتین شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔تقریب کے آخر میں آئی جی پولیس بلوچستان نے زیر تربیت ڈی ایس پیز میں یاد گاری شیلیڈ زبھی تقسیم کئے۔بعد ازیں کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد سپیشلائر ڈ ٹریننگ کورس کے زیر تربیت ڈی ایس پیزنے یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔