بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پرامن احتجاج اور گورنر بلوچستان سے ملاقات
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پرامن احتجاج اور گورنر بلوچستان سے ملاقات ملازمین کے مسائل سے آگا ہ کیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بیوٹمز کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف یونیورسٹی میں ریلی نکالی اور وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے باہر پر امن احتجاجی مظاہر ہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے تاحال تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی 20سال کی قلیل مدت میں صوبے کی دوسری بڑی جامعہ کو معاشی بحران کا شکار بنا دیاگیا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ ملازمین کے احتجاج میں رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر زاہد رؤف نے شرکت کی اور یقین دہانی کروائی کہ جامعہ انتظامیہ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے رجسٹرار کی یقین دہانی کے بعد ملازمین نے اپنا پر امن احتجاج موخر کردیا۔دریں اثناء بیوٹمز ملازمین کی کور کمیٹی کے وفد نے چانسلر و گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا۔ملازمین نے کہا کہ وہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سمیت دیگر جائز مطالبات کے لئے تدریسی عمل کو متاثر کئے بغیر انتہائی پر امن اور مہذب انداز میں احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں تاہم جامعہ انتظامیہ اور وائس چانسلر کی جانب سے ملازمین کے احتجاج سے متعلق غلط بیانی کرکے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ملازمین نے گورنر کو یقین دلایا کہ ان کا احتجاج صرف اور صرف حقوق کے حصول اور پرامن ہے اس حوالے سے انہوں نے چانسلر کو مطمئن بھی کیا۔ گورنر بلوچستان نے ملازمین کے مسائل کو سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائیگا۔