بلو چستان میں کھیلوں کے انعقاد سے ملک اور دنیا بھر میں صوبے کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے گا، وزیر اعلیٰ بلو چستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں،بلو چستان میں کھیلوں کے انعقاد سے ملک اور دنیا بھر میں صوبے کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے گا،نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے خود کو تیار کریں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو پہلے بلوچستان گیمز کے آغاز پر کھلاڑیوں کے نام پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم کی جدید سہولتوں کی فراہمی اور انکی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،صوبے کے طول و عرض میں کھیلوں کے میدان آباد کر دئے گئے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اپنے نوجوانوں کو منشیات اور غیر تعمیری سرگرمیوں سے محفوظ رکھا جائے۔وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہاکہ نوجوان سماج دشمن عناصر کے بہکا وے میں نہ آئیں ہمارے نوجوان ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں جنہوں نے صوبے کی تقدیر بدلنی ہے یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم انہیں ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرینگے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں کھیلوں کے انعقاد سے ملک اور دنیا بھر میں بلوچستان کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں کوئٹہ میں کر کٹ کے نمائشی میچ کے کامیاب انعقاد سے بھی صوبے کا ایک مثبت تاثر اجاگر ہوانوجوان کھلاڑی کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لئے حکومتی اقدامات سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے خود کو تیار کریں صوبے کے تمام اضلاع سے چار ہزار سے زائد کھلاڑی چالیس کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں کھیلوں کا یہ رنگا رنگ میلہ 20 مارچ تک جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے