ڈھاڈر ، سردار خان رند کے قافلے پر نوشمان کے قریب بم دھماکہ 2 محافظ جاں بحق ایک زخمی
ڈھاڈر (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے میں رند قومی اتحادی کے چیئرمین رکن صوبائی اسمبلی یار محمد رند کے بیٹے میر سردار خان رند کے قافلے پر ریموٹ کنڑول بم کا دھماکہ دو محافظ جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر فہد شاہ راشدی کے مطابق ہفتہ کو سنی اور ڈھاڈر کے درمیانی علاقے نوشمانی میں رند قومی اتحاد کے چیئر مین سابق چیئر مین ضلع کچھی سردار خان رند اپنے قافلے میں گزر رہے تھے کہ اچانک سڑ ک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں قافلے میں شامل ایک گاڑی آنے سے سردار خان رند کے دو محافظ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد سردار خان رند نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ حملے میں وہ محفوظ رہے تاہم انکے محافظ جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلا ع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھا ری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علا قے کو گھیرے میں لیا اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر نے کے بعد حملہ آوروں کی تلا ش شروع کردی ہے مزید کاروائی جاری ہے۔واضح رہے کہ میر سردار خان رند رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے بیٹے ہیں۔