پی ڈی ایم کا کے پی میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشنز کا بائیکاٹ
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی پالیسی جاری رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات میں بھی حصہ نہ لینے کافیصلہ کیا ہے۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے کوئی بھی امیدوار این اے 22 مردان،این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور کے حلقوں پر کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گا۔مذکورہ نشستوں کے لیے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 مارچ جبکہ پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔
ترجمان پی ڈی ایم خیبرپختونخوا عبدالجلیل جان نے اس بارے میں رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہماری پالیسی اور فیصلہ ہے کہ اب کسی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے،اب صرف اور صرف عام انتخابات کی تیاری جاری ہے اور جنرل الیکشن میں ہی حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نشستیں تحریک انصاف نے خالی کیں ،وہی الیکشن کا شوق پورا کرے۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے اس سے قبل ان 24 قومی اسمبلی کی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیاتھا جن پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کررکھا ہے۔
خیبرپختونخوا سے مذکورہ تینوں نشستوں پر 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں علی محمد خان ، فضل محمد خان اور حاجی شوکت علی نے کامیابی حاصل کی تھی۔مذکورہ ارکان کے مستعفی ہونے کے بعد مذکورہ تینوں نشستوں پر گزشتہ سال 16 اکتوبر کو منعقدہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی جن پر حلف نہ لینے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے ان نشستوں کو خالی قراردیا ہے ۔