ووٹ کا صحیح استعمال نہایت اہم ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ووٹ قومی امانت اور فریضہ ہے اور اس کا صحیح استعمال ہر پاکستانی کا حق اور ذمہ داری ہے۔ ووٹ کے صحیح استعمال ہی ہے ہم اپنے مستقبل کے لئے بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا صحیح استعمال ہر پاکستانی پر فرض ہے اور بغیر کسی دباؤ اور زور زبردستی کے ووٹ کا حق استعمال کرنا حق ہے۔ووٹ ہی کے ذریعے ہم مستقبل کے لئے مخلص قیادت اور نمائندوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ ووٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتاکوئی بھی ریاست اپنے عوام کے بغیر ریاست نہیں بن سکتی۔انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ہی ہم اپنے اچھے برے کا فیصلہ کرتے ہیں ووٹ کے صحیح استعمال سے اچھی اور مخلص قیادت کو لایا جاسکتا ہے جبکہ دوسری جانب غلط استعمال سے غلط لوگ بھی اسمبلیوں میں آ سکتے ہیں اس لئے وطن کی ترقی و خوشحالی کے لئے 18 سال سے زیادہ عمر والے مرد و خواتین اپنے ووٹ کا اندراج ضرور کرائیں اور قوم کے لئے مخلص قیادت کو منتخب کریں اور اس کے لئے ووٹ کا صحیح استعمال نہایت اہم ہے اور معاشرے میں ووٹ کے اندراج اور حق رائے دہی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرنا اشد ضروری ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان میں خواتین نصف آبادی سے زیادہ ہیں اور ان کے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے اور خواتین ملک کے لئے مخلص قیادت اور نمائندوں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔جب تک خواتین بااختیار نہیں ہوں گی اس وقت تک جمہوریت مضبوط نہیں کو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آبادی کے لحاظ سے خواتین کی تعداد نصف آبادی سے زیادہ لیکن خواتین ووٹرز کا اندراج 43 فیصد سے بھی کم ہے۔المیہ یہ ہے کہ رجسٹرڈ خواتین بھی اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں۔خواتین کو چاہئے کہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے اور اپنے لئے بہتر فیصلوں کے لئے اپنے ووٹ کا اندراج ضرور کروائیں تاکہ وہ ووٹ کے حق کواستعمال کر کے ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے حقیقی نمائندے منتخب کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہے اس کو صرف پرچی نہیں بلکہ ملک و قوم کی تقدیر سمجھ کر کاسٹ کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ووٹ کا ٹرن آؤٹ بہت کم ہے عوام انتخابی عمل میں حصہ لینے سے کتراتے ہیں۔اگر ہم ووٹ کی طاقت کو جان جائیں اور اس کا صحیح استعمال کر کے قابل اور اصل حقدار کو مسند اقتدار پر بٹھائیں تو ہمارے مسائل بہتر طور پر حل ہو سکتے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں خواتین سمیت ہر فرد کا ایک ایک ووٹ نہایت اہم ہے۔ بلوچستان میں ووٹ کے صحیح استعمال کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہاں کے عوام باشعور ہو رہے ہیں اور انہیں اپنے اچھے برے کی پہچان ہو تی جارہی ہے۔بلوچستان کے عوام اب نام نہاد نمائندوں اور کھوکھلے نعرے لگانے والے لیڈروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور اپنے لئے بہترین اور مخلص نمائندوں کو منتخب کریں گے۔اس مقصد کے لئے ووٹ کا صحیح استعمال ہی بہترین راستہ ہے جس کے ذریعے عوام اپنے لئے درست قیادت اور نمائندوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ الیکشن میں عوام اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں گے اور ووٹ کے ذریعے انتخاب کرتے ہوئے اُن نام نہاد نمائندوں اور لیڈروں کو مسترد کردیں گے جنہوں نے کئی دہائیوں سے بلوچستان کے عوام کو بیوقوف بنایا ہوا ہے اورجنہوں نے ہمیشہ اپنے مفادات پر توجہ دیتے ہوئے صرف اور صرف اپنی ذاتی ترقی پر توجہ دی۔آئندہ الیکشن میں انشاء اللہ عوام اپنے لئے بلوچستان سے مخلص نمائندوں کا انتخاب کریں گے جو بلوچستان کی دیرپا اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور بلوچستان کو ترقی کی نئی منازل کی جانب لے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے