گرمی میں گوادر کے غریب علاقوں کی بجلی منقطع کرنے کا عمل روک دیا جائے ، حسین واڈیلہ
گوادر(ڈیلی گرین گوادر) حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین حسین واڈیلہ نے کہا ہے کہ گوادر کو چوبیس گھنٹے بجلی کے جھوٹے دعوے رہنے دو اور اس گرمی میں گوادر کے غریب علاقوں کی بجلی منقطع کرنے کا عمل روک دیا جائے اور جتنے علاقوں کی بجلی منقطع کی گئی ہے وہ فوری طور پر بحال کیے جائیں، کیا گوادر میں بجلی بھی صرف امیر طبقے کے لئے مخصوص ہے انہوں نے کہا گوادر کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہمی کے جھوٹے دعوے کرنے والوں سے گزارش ہیکہ پچھلے کئی دنوں سے غریب علاقوں کی بجلی منقطع کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اسے فوری طور پر بند کیا جا ئے اور جس جس علاقے میں بجلی منقطع کی گئی ہے اسے فوری طور پر بحال کئے جائیں اس مہنگائی میں جہاں غریب ماہیگیر اور مزدور کے لئے آٹا خریدنا بھی محال ہے وہ ریکوری کے نام پر ہزاروں روپے کہاں سے لائے کیا گوادر میں بجلی بھی امیر طبقے کے لئے مخصوص ہے حسین واڈیلہ نے مزید کہا کہ بجلی کے افتتاح کے لئے آنے والے وی آئی پیز کی آمد کی خوشی میں اج پورے دن گوادر میں بجلی بھی بند کی گئی ہے لگتا ہے گوادر میں چوبیس گھنٹے بجلی دینے نہیں بلکہ بند کرنے آگئے ہیں چئیرمین حق دو تحریک نے واضح طور پر کہا کہ اگر بجلی منقطع کرنے کا سلسلہ بند نہیں ہوا اور منقطع کئے گئے علاقوں کی بجلی بحال نہ ہوئی تو کیسکو کے خلاف عوامی مہم شروع کی جائے گی۔