زمینداروں کی جانب سے عدم تعاون کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، کیسکو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ کے زرعی صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کو دیکھتے ہوئے انھیں ہرممکن حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور انکے بجلی فراہمی اوقات کو بھی 6 گھنٹے تک بڑھادیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود زمینداروں کی جانب سے بجلی کے بلز جمع نہیں کئے جا رہے ہیں اور نہ ہی بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جارہاہے جسکی وجہ سے انکے بجلی بلوں کے بقایاجات میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس وقت یعنی ماہ جنوری 2023تک کیسکو کے زرعی صارفین کے ذمہ بلوں کی مدمیں بقایاجات 383ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں اور زرعی سبسڈی کی مدمیں صوبائی حکومت کے ذمہ تقریباً 44ارب روپے بھی واجب الاداہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی حکومت کیجانب سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں سبسڈی اور بلوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد زمینداروں کے بجلی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیسکو نے زرعی فیڈروں کے بجلی کے فراہمی کے اوقات کار کو 6گھنٹے تک بڑھا دیا تھا۔لیکن زمینداروں کی جانب سے عدم تعاون کے باعث کیسکو کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اگر زرعی صارفین کی جانب سے بل اور بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو کیسکو مجبورا انکے برقی کنکشنز منقطع کرنے کے علاوہ انکے زرعی فیڈروں کے بجلی فراہمی کے اوقات کار میں بھی کمی لائے گی علاوہ ازیں وہ تمام زرعی صارفین جنہوں نے اپنے ٹیوب ویلز کے لوڈ (ہارس پاور) بڑھا دیئے ہیں تووہ رضاکارانہ طور پر اس نئے لوڈ کو ریگولرائیز کرانے کے لئے اپنے متعلقہ کیسکو دفتر سے فور ا رجوع کریں تاکہ کسی کی بھی ممکنہ زحمت سے بچا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے