کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہم اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت چادر اور چاردیواری کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ صنفی مساوات اور ترقی نسواں کی پالیسی کے حامی ہیں جس کا مقصد خواتین اور بچیوں کے لیے با معنی اصلاحات کرتے ہوئے ان کو ایک بہتر،پائیدار اور موزوں ماحول دینا ہے اور تمام شعبوں میں ان کی شراکت داری کو یقینی بناتے ہوئے انہیں بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور پالیسیوں میں اصلاحات کے ذریعے خواتین کی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے خواتین کو ترقیاتی عمل میں شامل کرنے سے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوگا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جنہیں ترقی کے عمل میں شامل کرنا ناگزیر ہے خواتین کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام قومی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وومن پارلیمنٹرین کاکس،محتسب، ورکنگ خواتین میں ہراسگی سے تحفظ اور بلوچستان کمیشن اسٹیٹس آف ویمن کو ایک رہنما اصول کے طور پر دیکھا جاتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لیے خواتین کی شراکت داری اہم ہیں اور ہم نے بحثیت قوم خواتین کے خلاف اور خصوصاً گھریلو خواتین کے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہے اور صنفی مساوات اور ترقی نسواں کے لیے اپنے کردار کو مزید موثر بنانا ہے اور معاشرے کو بلا کسی امتیاز اور تفریق سب کے لئے یکساں انسانی حقوق کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔