سرکاری محکموں سے متعلق عوام کی شکایات کے انبار لگے ہوئے ہیں ، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تقریبا تمام سرکاری محکموں سے متعلق عوام کی شکایات کے انبار لگے ہوئے ہیں جبکہ محکمے خود مسائلستان بنے ہوئے ہیں. اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ سرکاری محکموں میں اصلاحات اور ان کی کارکردگی بڑھانے کیلئے انقلابی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ان سے ملاقات کر کے انہیں گورنر بلوچستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے تمام علما کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرہ کے سدھار اور سماجی حالات کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات میں تعاون کریں۔