عمران خان کو معلوم ہے جس دن عدالت پیش ہوا پکڑا جائے گا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے جرم نہیں کیا تو عدالت میں پیش ہوں، زمان پارک میں سمجھوتہ ایکسپریس روانگی کیلئے تیار ہے لیکن یہ سمجھوتہ نہیں این آر او کیلئے منتیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی بل میں چھپ جاتا ہے، پولیس کے جانے کے بعد یہ باہر آ کر بڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، عمران خان اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور مہم جوئی کرتا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، اسے معلوم ہے جس دن عدالت کے سامنے پیش ہوا تو پکڑا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان عدل کے نظام کی پلکوں پر سوار ہے، اس شخص کو معلوم ہے کہ جتنا اونچا چیخے گا اتنا جلدی اسے ریلیف مل جائے گا، اسے یہ بھی معلوم ہے کہ عدلیہ پر حملہ آور ہو گا، غنڈہ گردی کرے گا، عدلیہ کو دھمکائے گا تو اسے بیل مل جائے گی، یہ شخص عدالت کے سامنے اس لئے پیش نہیں ہوتا کیونکہ اسے پتہ ہے کہ یہ گھڑی چور اور فارن ایجنٹ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام کو لوٹا اور مہنگائی کی چکی میں پیسا ہے، اسے جب پولیس پکڑنے آتی ہے تو یہ چیخیں مارنے لگتا ہے، یہ خود کو بچانے کیلئے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا لیتا ہے، اس شخص کے بارے میں یہی مثال ہے کہ میں نے چوری کی ہے تو میرا کیا کر لو گے، پورے کا پورا نظام اس کے ہاتھوں مجبور ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے