توشہ خانہ کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔عمران خان کے جانب سے وکیل قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کی۔
وکیل قیصر امام نے موقف دیا کہ پرائیویٹ کمپلیننٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے لہٰذا دالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ عدم حاضری پر جاری کیے تھے جبکہ اسلام آباد پولیس گزشہ روز لاہور میں ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کروانے بھی پہنچی تھی۔واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے۔