بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر خودکش حملہ، 9 اہلکار شہید ، 6 زخمی
سبی(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔لیویز کے مطابق کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے مقام پر دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کو نشانہ بنایا گیا۔
ایس پی بولان محمود نوتیزئی نے کہا ہے کہ دھماکہ خودکش ہو سکتاہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کرکے واپس آرہے تھے کہ رستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔