سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور جنرل فیض حمید اس وقت بھی عمران خان کیلئے لابنگ کررہے ہیں،مولانا فضل الرحمان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت غریب کو روٹی میسر نہیں کرسکتی،ہمیں 80 ارب روپے ووٹ کی پرچی کے لیے ادا کرنے کا کہا جارہا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی صورتحال کی تصویرپیش کی جارہی ہے وہ بالکل مختلف ہے،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، نگراں حکومتیں غیرمعینہ مدت تک برقرار رکھنا ہماری خواہش نہیں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور جنرل فیض حمید اس وقت بھی عمران خان کیلئے لابنگ کررہے ہیں۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ تعجب ہےکہ عدالت نے ازخود نوٹس لیا کہ انتخابی شیڈول کیوں جاری نہیں ہورہا، اس وقت 2 اسمبلیاں توڑی گئیں، دونوں کے ٹوٹنےکا وقت بھی ایک نہیں، کیا اسمبلیاں وزیراعلیٰ نے توڑی ہیں یا ایک شخص کے حکم پرتوڑی گئیں؟
سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ اس وقت مردم شماری بھی ہو رہی ہے، دوصوبوں کا الیکشن پرانی مردم شماری کی بنیاد پر ہوگا، آئندہ عام انتخابات میں مردم شماری کی نوعیت مختلف ہوگی.
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے کہ آئین کا تقاضا ہے کہ 90 دن میں الیکشن کرانے ضروری ہیں، موجودہ حالات میں حکومت غریب کو روٹی میسر نہیں کرسکتی، ہمیں 80 ارب روپے ووٹ کی پرچی کے لیے ادا کرنے کا کہا جارہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ 3سالہ پالیسیوں کی وجہ سے ہم دھنستے جارہے ہیں، جو ملک ہماری مدد کرنے لگتا ہے عمران خان اس کی راہ میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔ ہم ان کےارادوں کو جانتے ہیں مگر مثبت اقدامات کررہے ہیں۔