الیکشن کمیشن کا خط ابھی نہیں دیکھا، سیکریٹری چھٹی سے آجائیں پھر لیٹر کھولیں گے، گورنر خیبرپختونخوا
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجا گیا خط دیکھا ہی نہیں۔ غلام علی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا خط میرے نہیں بلکہ میرے پرنسپل سیکرٹری کے نام پر ہے جو چھٹی پر ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری پیر کو ڈیوٹی پر آئیں گے تو لیٹر کھولیں گے اور پڑھوں گا، لیٹر پڑھ لوں تو اس کا جواب بھی دیں گے۔گورنر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات ہیں، صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ ضرور دیں گے، ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور اب بھی عدالتی فیصلے پر عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں انتخابات از خود نوٹس کیس میں 90 روز میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کروانے کا حکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ صدر مملکت الیکشن کمیشن سے مشاورت کرکے پنجاب جبکہ کے پی میں گورنر الیکشن کمیشن سے مشاورت کرکے الیکشن کی تاریخ دیں۔
سپریم کورٹ نے صدر کا 20 فروری کا حکم پنجاب کی حد تک درست جبکہ کے پی اسمبلی کے لیے کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن گورنر اور صدر کے ساتھ ایڈوائس کا کردار ادا کرنے کا پابند ہے۔ صدر نے 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ اپریل 9 کو انتخابات ممکن نہیں تو مشاورت کے بعد پنجاب میں تاریخ تبدیل کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ یہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وفاق کی ڈیوٹی ہے کہ وفاق کی ایگزیکٹو اتھاریٹیز الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔ گورنر کے پی فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دیں اور تمام وفاقی اور صوبائی ادارے الیکشن کمیشن کو سیکورٹی سمیت ہر طرح کی امداد فراہم کریں۔ چیف جسٹس نے 22 فروری کو انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس لیتے ہوئے 9 رکنی لاجر بینچ تشکیل دیا تھا۔