بلوچستان کامستقبل جدید طرز تعلیم سے وابستہ ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) معاشرے میں تبدیلی لانے کے لئے نوجوان نسل کوجدید طرز تعلیم کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے جدید و اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے نوجوانوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید طرز تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور وقت کا تقاضا ہے کہ آج کے مقابلہ کے دور میں جدید اور اعلیٰ تعلیم نوجوان نسل کو جدید طرز تعلیم سے روشناس کرایا جائے جو کہ ان کا پہلا حق ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ آج ڈیجیٹلائزیشن کا دور ہے ساری دنیا ڈیجیٹلائزیشن میں بہتری کی دوڑ میں لگی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی تیزی سے پھیل رہی ہے،کمیونیکیشن سسٹم کو بہتر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں،بہتر اور تیز ترین ترقی کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے روشناس ہونا ضروری ہے پاکستان بالخصوص بلوچستا ن کی کامیابی اور ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے جس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان چاہے وہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں،کسی بھی طرح دوسرے صوبوں کے نوجوانوں سے کم نہیں صرف مواقع ملنے کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بلوچستان کے نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجی ٹلائزیشن کی فیلڈ میں تعلیم حاصل کر کے اپنا کردار ادا کریں تاکہ بلوچستان تیزی سے ترقی کر سکے اور دوسرے صوبوں کے برابر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے تعلیم اور دیگر فنی شعبوں میں بہت سے مواقع متعارف کرائے جارہے ہیں اس سلسلے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی و غیر ملکی سطح پر سکالر شپ پروگرامز موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے بلوچستان کے نوجوان مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔بلوچستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہے انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوجدید طرز تعلیم سے روشناس کرا کر صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل کے لئے زیادہ سے زیادہ جدید و اعلیٰ طرز تعلیم کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امید ظاہر کی کہ نوجوان نسل معاشرے کی ترقی اورروشن مستقبل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور ہرشعبے میں جدید علمی و فنی تعلیم حاصل کر کے دنیا کے لئے اعلیٰ مثال قائم کریں گے اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک نئی راہ متعین کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے