سرکاری آٹا کی منصفانہ تقسیم کیلئے بازاروں میں زیادہ سے زیادہ سٹال لگائے جائیں،مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سید سعداللہ آغا حاجی ولی محمدبڑیچ حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ چوہدری محمد عاطف میر فاروق لانگو مولانا جمال الدین حقانی مولانا مفتی نیک محمد فاروقی مولانا محمد عارف شمشیر مفتی محمد ابوبکر حافظ رحمان گل حافظ دوست محمد اور دیگر نے کہا کہ سرکاری آٹا کی منصفانہ تقسیم کیلئے بازاروں میں زیادہ سے زیادہ سٹال لگائے جائیں۔ من پسند انداز میں تقسیم کی اجازت نہیں دیں گے،رمضان المبارک سے قبل اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ضروری ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کوئٹہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی شکایت درج ہورہی ہیں مگر شنوائی نہیں ہوتی، بلکہ اکثر شکایتوں پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں چشم پوشی کرکے معاملات کو دبایا جاتا ہے تاکہ ان کی کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نیبعض بااثر لینڈ مافیا کی جانب سے ہزار گنجی نیشنل پارک کی 32 ہزار ایکڑ پر مشتمل سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس کا نوٹس لیا جائے، پورے شہر کو بااثر لینڈ مافیاز نے قبضے کرکے پراپرٹی کو متنازعہ بناکر شہر میں شریف لوگوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کیلئے سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ حکومت بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان اس ایشو کا نوٹس لیں ورنہ جمعیت علماء اسلام ہرفورم پر آواز بلند کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے