محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز سے خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا سلسلہ شروع
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز سے خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد اسامیوں پر بھرتی ایک احسن اقدام ہے جس کی بدولت صوبے کے بندسکولز کھولنے اور ٹیچرز کی کمی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی نیز صوبے کے تعلیمی شعبے کے معیار میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے مختلف سکولوں میں عرصہ دراز سے مختلف کیڈرز کے ٹیچنگ سٹاف کی اسامیاں خالی ہیں ان اسامیوں پر اب جا کر بلوچستان حکومت نے بھرتی کاسلسلہ شروع کردیا ہے اور اسامیاں مشتہر کردی گئی ہیں۔مشتہر کی گئیں 8ہزار5سو51اسامیوں میں ایلمنٹری سکول ٹیچر،جونیئرسکول ٹیچر،جونیئرانگلش ٹیچر،جونیئر ڈرائینگ ماسٹر،جونیئر عربک ٹیچر،فزیکل ایجوکیشن ٹیچر،جونیئر ورناکیولر ٹیچراور معلم القرآن کی اسامیاں شامل ہیں بلوچستان حکومت کے منظور کردہ ریکروٹمنٹ پالیسی2019ء کے تحت ہونے ان بھرتیوں کو تین روز قبل مشتہر کردیا گیا ہے جس سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے بے روزگار اور تعلیمیافتہ نوجوانوں میں خوشی و اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے عوامی حلقوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کااظہار کیاگیا ہے کہ مذکورہ عمل کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ہزاروں کی تعداد میں مردو خواتین اساتذہ کی بھرتی سے جہاں ایک طرف صوبے میں بے روزگاری کی شرح کم ہوگی اور ہزاروں خاندانوں کے چولہے روشن ہوں غے وہاں بلوچستان کے دور درا ز علاقوں میں بند پڑے سکولوں کو کھولنے، فنکشنل سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے اور ساتھ ہی صوبے کے معیارتعلیم میں خاطرخواہ بہتری آنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے